والد کو بازیاب کرایا جائے، سید آصف نظامی کے بیٹے کی اپیل

Published On 17 Mar 2017 06:07 PM 

کراچی میں لاپتہ ہونے والے سجادہ نشین درگاہ نظام الدین اولیاء سید آصف علی نظامی کے بیٹے نے اپنے والد کی جلد بازیابی کی اپیل کی ہے، ادھر کراچی پولیس کے مطابق دونوں بھارتی شہریوں نے کراچی آنے پر کسی بھی تھانے میں رجسٹریشن نہیں کروائی۔

کراچی: (دنیا نیوز) نئی دہلی کے رہائشی اور سجادہ نشین درگاہ نظام الدین اولیاء سید آصف علی نظامی اپنے بھتیجے ناظم علی نظامی کے ساتھ آٹھ مارچ کو لاہور داتا دربار آئے تھے۔ دونوں مزار پر حاضری کے بعد کراچی روانہ ہو گئے جس کے بعد سے ان کا کوئی پتہ نہیں۔ بھارت میں سید آصف نظامی کے بیٹے نے اپنے والد کی جلد بازیابی کی اپیل کی ہے۔ ادھر کراچی پولیس بھارتی شہریوں کی آمد سے لاعلم ہے۔ آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کا کہنا ہے کہ کراچی آنے والے غیرملکیوں کو رجسٹریشن کرانا پڑتی ہے مگر انہوں نے نہیں کرائی۔

بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے دونوں بھارتی شہریوں کی گمشدگی پر پاکستان سے جلد تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔