نشتر ہسپتال: ڈائیلسز یونٹ کے مزید 5مریضوں میں ایڈز کی تصدیق، تعداد 30 ہو گئی

Published On 07 December,2024 11:11 pm

ملتان:(دنیا نیوز) نشتر ہسپتال کے ڈائیلسز یونٹ سے پچیس مریضوں کے ایچ آئی وی میں مبتلا ہونے کے معاملہ پر رجسٹرڈ مریضوں کی دوبارہ سکریننگ کے دوران مزید متاثرہ افراد سامنے آ گئے۔

ذرائع کے مطابق نشتر ہسپتال کے ڈائیلسز یونٹ میں رجسٹرڈ مریضوں کی دوبارہ ایچ آئی وی سکریننگ کا عمل جاری ہے، اب تک مریضوں کی گئی سکریننگ میں ڈائیلسز یونٹ کے مزید 5مریضوں میں ایچ آئی وی کی تصدیق ہوئی ہے۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ایچ آئی وی وائرس منتقل ہونے کے بعد سکریننگ میں دو سے تین ہفتے یا اکثر ایک یا دو ماہ بعد مریض میں ایچ آئی وی پازیٹیو آ سکتا ہے۔

اسی طرح ڈائیلسز یونٹ میں رجسٹرڈ مریضوں کا ونڈو پیریڈ مکمل ہونے پر مریضوں کی دوبارہ سکریننگ کی گئی، ڈائیلسز یونٹ میں ایچ آئی وی پازیٹیو مریضوں کی مجموعی تعداد 30ہو گئی ،ایچ آئی وی پازیٹیو مریضوں میں سے ایک کا انتقال ہو چکا ہے ۔

علاوہ ازیں ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے ایچ آئی وی پازیٹیو مریضوں سے متعلق ایڈز کنٹرول پروگرام اور دیگر متعلقہ افسران کو آگاہ کر دیا گیا۔