لاہور: (دنیانیوز) وفاقی دارالحکومت سمیت پنجاب میں ڈینگی کے وار بے قابو ، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب میں ڈینگی کے 126 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ۔
ترجمان محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران راولپنڈی سے 109 جبکہ لاہور اور رحیم یار خان سے 3،3 اور خانیوال سے 2 ڈینگی کے کیس رپورٹ ہوئے۔
ترجمان نے بتایا کہ اٹک، میانوالی، جہلم، شیخوپورہ، قصور، مظفرگڑھ اور ڈی جی خان سے ایک، ایک ڈینگی کا نیا مریض سامنے آیا ہے ، اسی طرح ایک ہفتہ کے دوران صوبے میں 847 جبکہ رواں سال اب تک 4120 ڈینگی کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ۔
دوسری جانب اسلام آباد میں ڈینگی کیسز میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ، گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران 85 ڈینگی کے مریض رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد اسلام آباد میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 2361 تک پہنچ گئی ہے ۔
ڈی ایچ او کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں ڈینگی نے 53 افراد کو متاثر کیا، جس کے بعد دیہی علاقوں میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 1473 ہو گئی۔
ڈی ایچ او کاکہنا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران شہری علاقوں میں 32 افراد کو ڈینگی نے نشانہ بنایا، شہری علاقوں میں ڈینگی سے متاثر ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 888 تک پہنچ گئی۔
وفاقی دارالحکومت میں ڈینگی سے 67 فیصد مرد جبکہ 33 فیصد خواتین متاثر ہیں۔