اورکزئی: (دنیا نیوز) ترجمان وزارت صحت نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے ضلع اورکزئی میں بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد ملک میں رواں سال پولیو کیسز کی تعداد 6 ہوگئی ہے۔
وزارت صحت کے ترجمان نے بتایا کہ ملک کے 12 اضلاع سے 20 ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی، پولیو وائرس نے ہمارے ایک اور بچے سے ایک صحت مند مستقبل چھین لیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی تشویش ناک ہے، 5 سال سے کم عمر کے بچوں کو اس وائرس سے شدید خطرہ ہے۔
وزارت صحت کے ترجمان نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے ضرور پلائیں۔