لاہور : (دنیانیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے جنرل ہسپتال اور میو ہسپتال کا 3 گھنٹے طویل دورہ کیا اور دونوں ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کے کاموں کا جائزہ لیا۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے جنرل ہسپتال کے ایمرجنسی بلاک اور اولڈ بلڈنگ کی اپ گریڈیشن کے تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا، وزیراعلیٰ نے دونوں بلاکس میں آپریشن تھیٹرز کی تعمیر وبحالی کے کاموں کا بھی مشاہدہ کیا، محسن نقوی نے اتاری گئی اشیاء خصوصاً اے سی،لائٹس، پنکھے اور بیڈز کا ریکارڈ مرتب کرنے کاحکم دیا۔
انہوں نے کہا کہ تمام آلات اور اشیاء کی انوینٹری تیار کی جائے ،تعمیراتی کام کے دوران بیڈز اور دیگر اشیاء کو محفوظ جگہ پر سٹورکیاجائے۔
محسن نقوی نے ہسپتال میں اعلیٰ معیار کی وائرنگ کی ہدایت کی، انہوں نے ایمرجنسی بلاک کے تینوں فلورز کا معائنہ کیا اور تعمیراتی کاموں کے حوالے سے ضروری ہدایات دیں۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے شہری کی شکایت پر ٹیسٹ باہر سے کرانے پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور انتظامیہ کو ٹیسٹ کے پیسے شہری کوفوری واپس کرنے کاحکم دیا۔
بعدازاں وزیراعلیٰ محسن نقوی جنرل ہسپتال کے دورے کے بعد میو ہسپتال پہنچ گئے، انہوں نے ایمرجنسی بلاک کی اپ گریڈیشن کاجائزہ لیا، آپریشن تھیٹرز،کنسلٹنٹ روم اوراستقبالیہ ایریا کا معائنہ کیا، وزیراعلیٰ چاروں فلور پر گئے اور جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا۔
سیکرٹری تعمیرات ومواصلات نے دونوں ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کے منصوبوں پر ہونے والی پیشرفت کے بارے میں وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی جس میں بتایا گیا کہ جنرل ہسپتال میں فلورز، واش رومز، الیکٹرک سپلائی اور ڈرین سسٹم کو ازسرنو بحال کیاجائے گا،میو ہسپتال کی مین ایمرجنسی بلاک میں خصوصی EPOXY ٹائل اور اینٹی بیکیٹریل پینٹ استعمال کیاجائے گا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ دونوں ہسپتالوں میں 250 ۔ 250 بیڈز پر مشتمل سٹیٹ آف دی آرٹ ایمرجنسی بلاک بنایا جارہاہے، اپ گریڈیشن کے کام کو جتنی جلدی ممکن ہو مکمل کیا جائے گا۔
صوبائی وزراء ڈاکٹر جاوید اکرم، عامر میر، سیکرٹری صحت،سیکرٹری اطلاعات، ایم ایس اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔