وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کا ہیلتھ کارڈ پر جگر کی پیچیدہ سرجری کو شامل کرنے کا فیصلہ

Published On 26 September,2022 07:47 pm

لاہور: (لیاقت انصاری سے) وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی کی خصوصی ہدایت پر ہیلتھ کارڈ پروگرام میں پیچیدہ جگر کی سرجری کو شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

وزیر اعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے ہیلتھ کارڈ کے ذریعے علاج کرانے کیلئے مختص رقم میں اضافے کی اصولی منظوری دے دی، نجی ہسپتالوں کی معاونت سے چھوٹے بچوں کے دل کی سرجری بھی ہو گی۔

یہ فیصلہ وزیر اعلیٰ پنجاب سے نجی ہسپتال کی نائب صدر ڈاکٹر شازیہ ملک کی ملاقات میں کیا گیا، نجی ہسپتال کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی، جبکہ ہسپتال میں ہیلتھ کارڈ پر آپریشن اور پوسٹ آپریشن کیئر کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

اس موقع پر چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ بچوں کے دل کی پیچیدہ سرجری بھی ہیلتھ کارڈ پروگرام میں شامل کریں گے، ہیلتھ کارڈ کے ذریعے علاج کرانے کیلئے مختص رقم میں اضافے کی اصولی منظوری دے دی، نجی ہسپتال کے اشتراک سے مریضوں کو جگر، گردے اور لبلبہ کی سرجری کی سہولت دی جائے گی، جگر کی پیچیدہ سرجری کو ہیلتھ کارڈ میں شامل کئے جانے سے مریضوں کو بہت سہولت ملے گی، سرکاری ہسپتالوں کیساتھ نجی ہسپتالوں کے ماہرین بھی پیچیدہ سرجری میں معاونت کریں گے، نجی ہسپتالوں کی معاونت سے چھوٹے بچوں کی کارڈیک سرجری ہو گی۔

ملاقات میں نجی ہسپتال کے ڈاکٹر فیصل حنیف اور جنرل ریٹائرڈ افتخار، پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلیٰ محمد خان بھٹی، سابق پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلیٰ جی ایم سکندر، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن عمران سکندر بلوچ اور متعلقہ حکام بھی شریک ہوئے۔