ایف آئی سی کی انجیو گرافی مشین 4ماہ سے خراب،مریضوں کی مشکلات مزید بڑھ گئیں

Published On 27 September,2021 05:12 pm

فیصل آباد:(دنیا نیوز)ایف آئی سی ہسپتال کی انجیوانجیوگرافی مشین 4 ماہ سے خراب ہونے کے باعث دل کے مریضوں کی مشکلات مزید بڑھ گئیں۔

ذرائع کے مطابق فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی(ایف آئی سی )سینٹرل پنجاب می٘ں دل کے بیماروں کی واحد علاج گاہ ہے جہاں پر انجیوگرافی ٹیسٹ کے بعد دل کی بیماری کی تشخیص ہوتی ہے ،ٹیسٹ کے بعد مریض کا ادویات یا پھر بائی پاس آپریشن سے علاج کیا جاتا ہے ۔

ہسپتال کی انجیوانجیوگرافی مشین 4 ماہ سے خراب ہونے کے باعث دل کے مریضوں کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں،ہسپتال میں انتہائی رش کے باعث مریضوں کو انجیوگرافی کے لئے لمبی تاریخیں دی جاتی ہیں ، جبکہ تین میں سے ایک انجیوگرافی مشین خراب ہونے کی وجہ سے مریضوں کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔

ہسپتال انتظامیہ کے مطابق انجیو گرافی مشینیں پرانی ہونے کے باعث خراب رہنا معمول بن چکا ہے ۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہسپتال نے ذرائع کو بتایا کہ خراب مشین کی مرمت کروا رہے ہیں جبکہ دل کے مریضوں کا کہنا ہے کہ حکومتی اور انتظامی عدم توجہی کے باعث انکی زندگیاں خطرے میں ہیں۔