پشاور: لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں آکسیجن کا یومیہ استعمال 12 ہزارلیٹر تک پہنچ گیا

Published On 16 September,2021 08:27 am

پشاور: (دنیا نیوز) کورونا وائرس کی چوتھی لہر کے دوران خیبرپختونخوا کے ہسپتالوں میں مریضوں کی تعداد بڑھنے لگی، پشاورکے بڑے ہسپتالوں میں یومیہ آکسیجن کے استعمال میں بھی اضافہ ہو گیا، سب سے بڑے لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں آکسیجن کا یومیہ استعمال 12 ہزار لیٹر تک پہنچ گیا۔

خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر کے دوران مثبت کیسز میں اضافہ ہونے لگا، پشاور کے 3 بڑے ہسپتالوں میں مریضوں کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر آکسیجن کا استعمال بھی بڑھ گیا۔

پشاور کے خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں یومیہ آکسیجن کا استعمال 6 ہزار لیٹر سے بڑھ کر7 ہزار500 لیٹر ہو گیا ہے، ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے اسٹوریج پلانٹ میں ذخیرہ 20 ہزار لیٹرتک بڑھا دیا گیا ہے، لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں 25 ہزار لیٹر آکسیجن کی گنجائش ہے، ہسپتال میں یومیہ 12 ہزار لیٹر آکسیجن استعمال ہو رہی ہے۔

حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں بھی آکسیجن کے استعمال میں اضافہ ہوا ہے، ہسپتال میں روزانہ 6 ہزار 500 لیٹر آکسیجن استعمال ہورہی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ کورونا وباء کی چوتھی لہر میں کیسز تیزی سے بڑھ رہے ہیں، کسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہسپتالوں میں بروقت اقدامات کی اشد ضرورت ہے۔

خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد 7ہزار587 ہوگئی ہے جبکہ ایک دن میں 400 کے قریب نئے کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔