لاہور:(ویب ڈیسک) گزشتہ چند ہفتوں سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی تھی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایران میں ایک باپ اپنی بیٹی کی قبر پر رقص کررہا ہے، یہ رقص اس لئے کررہا ہے کیونکہ اس نے اپنی بیٹی سے وعدہ کیا تھا کہ اس کی شادی پر ناچے گا۔ تاہم حقیقت اس کے برعکس نکلی اور یہ تو ایک ٹی وی سیریز کی ویڈیو ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق ایران میں سوشل میڈیا پرجہاں ان دنوں حکومت مخالف مظاہروں کی ویڈیوز نشر کی جا رہی ہیں وہیں ایک ایسی ویڈیو بھی وائرل ہوئی ہے جس میں ایک شخص کو اپنی فوت ہونے والی بیٹی کی قبرپر رقص کرتے دکھایا گیا ہے۔ اس ویڈیو کے حوالے سے مضاد معلومات سامنے آئی ہیں۔ بعض لوگ اس واقعے کو ایران میں جاری حکومت مخالف احتجاج سے جوڑ رہے ہیں، یہ افسانہ تراشا گیا ہے کہ لڑکی کے والد نے اس کی زندگی میں اس سے وعدہ کیا تھا کہ وہ اس کی شادی میں ڈانس کرے گا مگربیٹی شادی سے قبل ہی فوت ہو گئی تھی چنانچہ والد نے اس کی قبر پراپنا وعدہ ایفا کیا۔
یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی، خاص طور پر جب کچھ لوگوں نے اسے مہسا امینی کے قتل کے بعد حکومت کے خلاف جاری حالیہ مظاہروں سے جوڑا تو اسے بہت زیاہ شیئر کیا گیا، اس ویڈیوکو ہزاروں افراد نے لائیک اور شیئر کیا، خاص طور پر اس میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ دکھایا گیا تھا جب غم زدہ باپ جواں سال بیٹی کی قبر پر رقص کررہا ہے۔
مگر اس ویڈیو کو ایران میں جاری احتجاج کے ساتھ جوڑنا غلط ہے، یہ ویڈیو کئی برس پرانی ہے، ایران میں ہونے والے مظاہروں سے اس کا کوئی تعلق نہیں ہے، یہ منظر ایک آذربائیجانی ٹی وی سیریز "Ata Ocaği" کے ایپیسوڈ 78 کا ہے، یہ واقعہ 8 جنوری 2018 کو یوٹیوب پر آذربائیجان کے قومی ٹیلی ویژن چینل Xezer TV کے ذریعے نشرکیا گیا تھا، رقص کا کلپ قسط کے 18ویں منٹ میں قبرستان میں شوٹ کیا گیا تھا۔
اس کلپ میں میں اداکاری کا کردار قربان اسماعیلوف نے ادا کیا ہے، جس کا نام یوٹیوب ویڈیو پر کمنٹری میں بتایا گیا ہے اور اس کے فیس بک پیج پر پروگرام میں اس نےاپنے کام کے بارے میں پوسٹ کیا ہے۔