لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کی معروف پائلٹ و اداکارہ عمارہ چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان میں پائلٹس کی تنخواہیں غیر ملکی ائیرلائنز کے مقابلے میں کم ہیں۔
اداکارہ نے پاکستانی اور غیر ملکی پروازوں میں پائلٹس کی تنخواہوں پر بات کرتے ہوئے کہا پاکستان میں تجربے کی بنیاد پر ایک پائلٹ کو 8 سے 10 لاکھ روپے معاوضہ دیا جاتا ہے، اگر اماراتی ائیر لائن کی بات کریں تو اس میں ایک پائلٹ کی ماہانہ تنخواہ 35 لاکھ پاکستانی روپے ہوتی ہے۔
انہوں نے اس بات کا بھی انکشاف کیا کہ پاکستان میں تو ائیر ہوسٹس کی تنخواہیں بھی بہت کم ہیں ہاں اگر وہ امارات ائیر لائن اور قطر ائیر ویز میں ملازمت کرتی ہیں تو ان کی زندگی پرسکون ہے، اماراتی ائیرویز میں ائیرہوسٹس کو ایک ماہ کی تنخواہ 12 ہزار درہم ملتی ہے، یہ رقم پاکستانی روپوں میں کم از کم 10 لاکھ روپے بنتی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں خواتین پائلٹس کو صرف پی آئی اے مواقع فراہم کرتا ہے، پرائیویٹ ائیر لائنز میں ایک بھی خاتون پائلٹ نہیں۔
واضح رہے کہ عمارہ چودھری یکم جنوری 1990 میں کراچی میں پیدا ہوئیں، انہوں نے اداکاری کے میدان میں بھی خوب نام کمایا، ان کے مشہور ڈراموں میں چاندنی بیگم، میری گڑیا، رشتے بکتے ہیں، جان نثار اور غیرت سر فہرست ہیں۔