اداکارہ عائشہ عمر کا اگلے سال عمرہ کرنے کی خواہش کا اظہار

Published On 06 April,2022 07:28 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی کی معروف اور خوبرو اداکارہ عائشہ عمر کی جانب سے اگلے سال عمرہ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا گیا ہے۔

گزشتہ دنوں ملکوں ملکوں گھومنے والی اداکارہ عائشہ عمر نے نجی ٹی وی کے شو میں شرکت کی، اس دوران عائشہ عمر نے متعدد سوالوں کے دلچسپ انداز میں جواب دیئے۔

شو کے میزبان، نعمان اعجاز کی جانب سے عائشہ عمر سے پوچھا گیا کہ کوئی ایسی جگہ جہاں آپ بہت خواہش کے بعد بھی نہ جا سکی ہوں؟

اس سوال کا جواب دیتے ہوئے عائشہ عمر کے منہ سے بے ساختہ ’خانہ کعبہ‘ نکلا۔

عائشہ عمر کا کہنا تھا کہ وہ خانہ کعبہ جانے کی بہت خواہش مند ہیں اور انشاء اللّٰہ وہ اگلے سال ضرور عمرہ کریں گی۔

نعمان اعجاز نے پوچھا کہ کیا آپ کی زندگی میں عمرہ کرنے کے بعد کوئی تبدیلی آئے گی؟

عائشہ عمر نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ بالکل وہ اپنی زندگی گزارنے کے طریقوں کو بدلیں گی۔