اداکارہ نمرہ خان گھر منتقل، طبیعت تاحال ناساز، دعاؤں کی اپیل

Published On 13 August,2021 06:12 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کی معروف اور خوبرو اداکارہ نمرہ خان کی طبیعت میں بہتری آ رہی ہے تاہم طبیعت تاحال ناساز ہے۔

تفصیلات کے مطابق اداکارہ نمرہ خان تین دن تک ہسپتال میں رہنے کے بعد گھر آگئیں لیکن ان کی طبیعت تا حال ناساز ہے۔ نمرہ خان نے 10 اگست کو انسٹاگرام سٹوریز میں بتایا تھا کہ انہیں تکلیف کے باعث ہسپتال منتقل کیا گیا ہے اور مداحوں سے دعاؤں کی درخواست کی تھی۔

12 اگست کی رات دیر گئے انہوں نے انسٹاگرام کے ذریعے بتایا کہ ہسپتال سے گھر آگئی ہیں اور انکی ’تکلیف‘ بھی کچھ کم ہوئی ہے لیکن تاحال ان کی طبیعت ناساز ہے۔

متعدد انسٹاگرام سٹوریز میں انہوں نے دعائیں کرنے پر مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا اور پھول بھجوانے پر ساتھی اداکاروں اور پروڈکشن ہاؤسز کا شکریہ بھی ادا کیا۔ سٹوریز میں انہوں نے ویڈیوز بھی شیئر کیں، جن میں ان کے ہاتھ پر کینولا کو دیکھا جا سکتا ہے۔

ویڈیوز میں اداکارہ نے بتایا کہ وہ خود سے ہی ہسپتال سے گھر آگئی ہیں، کیوںکہ وہ چاہتی ہیں کہ ان کی تکلیف ادویات کے ذریعے ہی ٹھیک ہوجائے۔

انہوں نے مداحوں سے اپیل کی کہ وہ ان کے لیے دعا کریں کہ انہیں آپریشن کی ضرورت نہ پڑے اور ان کا مسئلہ میڈیسن سے گھر میں ہی حل ہوجائے۔ ادویات کھانے کے بعد ان کی تکلیف کچھ کم ہوئی ہے اور سب کچھ مداحوں کی دعاؤں کا نتیجہ ہے۔

خیال رہے کہ نمرہ خان کو ہسپتال داخل کرائے جانے کے بعد اداکارہ نے نجی ٹی وی سے مختصر بات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ان کی پیشاب کی نالی میں پتھری ہے، جس وجہ سے انہیں شدید درد کا سامنا ہے۔

اداکارہ نے اس وقت بتایا تھا کہ ممکن ہے کہ پتھری نکالنے کے لیے ان کا آپریشن کیا جائے لیکن اب اداکارہ نے انسٹاگرام اسٹوریز میں بتایا کہ وہ چاہتی ہیں کہ ان کا مسئلہ میڈیسن سے حل ہوجائے، اس لیے وہ گھر آگئی ہیں اور ادویات لے رہی ہیں۔