وزیراعظم عمران خان استعفی دیں، میں ملک کا مجموعی قرض اُتار سکتا ہوں: وقار ذکا

Published On 05 May,2021 04:32 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کے معروف سوشل میڈیا سٹار وقار ذکا نے ملک کا مجموعی قرض اتارنے کے بدلے صرف وزیر اعظم عمران خان کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا ہے۔

سوشل میڈیا سٹار وقار ذکا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر دعویٰ کیا کہ وہ کرپٹو کرنسی کے ذریعے ملک کا مجموعی قرضہ اتارنے کو تیار ہیں مگر اس کے لیے ان کی ایک ہی شرط ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اپنے عہدے سے استعفیٰ دیں۔

سوشل میڈیا سٹار نے ساتھ ہی لکھا کہ ملک کا تمام قرضہ اتارنے کے لیے انہیں ملک چلانے کا اختیار دیا جائے۔ اگر ایسا نہیں کیا جا سکتا تو پاکستانی عوام حکومت اور وزیر اعظم سے مطالبہ کریں کہ قرض اتارنے کا کوئی منصوبہ سامنے لائیں۔

وقار ذکا نے ٹویٹر پر اس بات ذکر نہیں کیا کہ ملک کے اوپر کتنا مجموعی قرض ہے اور نہ ہی انہوں نے یہ بتایا کہ ان کے پاس کتنے اربوں روپے کی مالیت کی کرپٹو کرنسی موجود ہے اور ان کے پاس کرنسی کہاں سے آئی؟