لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی ڈراموں کی معروف اداکارہ یمنیٰ زیدی نے دیگر فنکاروں کے برعکس ٹک ٹاکرز کو باصلاحیت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وہ اداکاری نہ کرتیں تو ٹک ٹاک کی ویڈیوز بناتیں۔
تفصیلات کے مطابق ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک وہ واحد ایپلی کیشن ہے جو نوجوانوں میں بے حد مقبول ہونے کے باوجود جسے سب سے زیادہ ناپسند کیا جاتا ہے اور پاکستان شوبز انڈسٹری کے بہت سے فنکار ٹک ٹاک اور ٹک ٹاک پر ویڈیو اپ لوڈ کرنے والے ٹک ٹاکرز کے لیے اپنی ناپسندیدگی کا اظہار کرچکے ہیں۔
تاہم اداکارہ یمنیٰ زیدی کے ٹک ٹاکرز کے لیے خیالات مختلف ہیں بلکہ وہ تو ٹک ٹاکرز کو خود سے اور دیگر اداکاروں سے زیادہ باصلاحیت مانتی ہیں۔
یمنیٰ زیدی کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں وہ شائستہ لودھی کے ساتھ ٹک ٹاک کے بارے میں بات کررہی ہیں۔
ویڈیو میں شائستہ لودھی یمنیٰ زیدی سے کہہ رہی ہیں کہ وہ ٹک ٹاک دیکھتی ہیں جس پر اداکارہ کہتی ہیں کہ مجھے ایسا لگتا ہے کہ جب کبھی آپ کے پاس فارغ ٹائم ہو اور آپ ٹک ٹاک دیکھ رہے ہوں تو ایک ڈیڑھ گھنٹہ یوں نکل جاتا ہے کہ مجھے خبر بھی نہیں ہوتی۔
یمنیٰ زیدی نے کہا کہ ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے کے لیے لوگ بہت محنت کرتے ہیں جسے دیکھ کر میں سوچتی ہوں وہ ہم سے اور مجھ سے کہیں زیادہ باصلاحیت ہیں۔
شائستہ لودھی نے کہا کہ ٹک ٹاک پر ایسے ایسے اداکار مل جاتے ہیں جنہیں دیکھ کر میں سوچتی ہوں کہ کیا کمال ہے۔
یمنیٰ زیدی نے کہا اگر میں اداکاری نہیں کررہی ہوتی تو ٹک ٹاک بناتی کیونکہ ٹک ٹاک ویڈیوز دیکھتے ہوئے بہت مزہ آتا ہے کسی اور کی آواز میں ایکشن بناکر بولنا، لیکن میں نے آج تک کبھی کوئی ٹک ٹاک ویڈیو نہیں بنائی کیونکہ کسی اور کی آواز پر بولنے کے لیے بہت ہمت چاہیئے ہوتی ہے۔
شائستہ لودھی نے یمنیٰ زیدی کی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ جب لوگ آپ کی ویڈیوز پر کمنٹ کرتے ہیں اور ویڈیوز وائرل ہوتی ہیں تو بہت مزہ آتا ہے۔