بھارتی فلم ’’گلی بوائے‘‘ آسکر ایوارڈ کیلئے نامزد

Last Updated On 23 September,2019 07:08 pm

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی اداکار رنویر سنگھ اور اداکارہ عالیہ بھٹ کی سپر ہٹ فلم ’’گلی بوائے‘‘ کو آسکر ایوارڈ کے لیے نامزد کر دیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گلی بوائے کی ڈائریکشن زویا اختر نے کی تھی۔ فرحان اختر نے ٹویٹر پر کیا کہ ’گلی بوائے‘ کو بالی وڈ کی جانب سے سرکاری طور پر 92 ویں آسکر ایوارڈ کے لیے نامزد کر دیا گیا ہے۔ اس فلم کو انڈیا کی جانب سے ’بیسٹ انٹرنیشنل فیچر فلم‘ کی کیٹیگری میں آسکر کے لیے بھیجا گیا ہے۔

بالی وڈ اداکار فرحان اختر نے ٹویٹ کی کہ ’گلی بوائے‘ کو بھارت کی طرف سے 92 ویں آسکر کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ شکریہ، فلم فیڈریشن اور زویا، ریما کاگتی، رنویر، عالیہ، سدھارتھ چترویدی اور فلم کے دیگر اراکین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

یاد رہے کہ گلی بوائے میں رنویر سنگھ نے مراد کا کردار ادا کیا ہے جو ممبئی کی جھگی میں رہنے والا ریپر ہے اور خراب معاشی حالات کا مقابلہ کرتے ہوئے ایک سپر سٹار بننا چاہتا ہے۔ یہ فلم سٹریٹ ریپر ڈیوائن اور نیجی سے متاثر ہے۔ فلم فروری میں ریلیز ہوئی تھی جو کہ باکس آفس پر سپر ہٹ رہی۔