امیتابھ بچن کے بعد گلوکار عدنان سمیع خان کا ٹویٹر اکائونٹ بھی ہیک

Last Updated On 13 June,2019 09:48 am

ممبئی: (روزنامہ دنیا) بالی وڈ کے سینئر اداکار امیتابھ بچن کے بعد پاکستان چھوڑ کر بھارت جا بسنے والے گلوکار عدنان سمیع خان کا ٹویٹر اکائونٹ بھی ہیک کر لیا گیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق عدنان کے اکائونٹ کو بھی ترکش ہیکرز گروپ نے ہیک کیا اور اپنے پیغام میں کہا ہے کہ جو شخص بھی ہمارے برادر ملک پاکستان کو دھوکہ دے گا تو وہ اپنے سوشل میڈیا اکائونٹس پر وزیر اعظم اور پاکستان کے جھنڈے کی تصاویر پائے گا۔

واضح رہے کہ عدنان سمیع نے پاکستانی شہری ہونے کے ناطے اداکاری اور گلوکاری پر مشتمل کیرئیر پاکستانی سینما انڈسٹری سے شروع کیا، ان کو اپنے وقت کی معروف پاکستانی فلم  سرگم  میں جاندار اداکاری کے سبب شہرت ملی اور میوزک میں پہلے سے پذیرائی کے سبب انڈسٹری میں علیحدہ پہچان بنانے میں مدد ملی۔ اس کے باوجود وہ بھارت منتقل ہو گئے اور مستقل سکونت اختیار کرتے ہوئے بھارتی شہریت حاصل کر لی۔