امیتابھ بچن کا ٹویٹر اکاونٹ ہیک، وزیراعظم پاکستان کی تصویر لگا دی

Last Updated On 11 June,2019 09:52 am

ممبئی: (ویب ڈیسک) معروف بالی وڈ اداکار امیتابھ بچن کا ٹویٹر اکاؤنٹ ہیک کرلیا گیا۔ ان کے اکاونٹ پر وزیراعظم پاکستان کی تصاویر کے ساتھ ساتھ کچھ پیغامات بھی لگائے ہیں اور ہیکرز نے ترکی اور پاکستان کے پرچم بھی آویزاں کر دیئے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق امیتابھ بچن ان چند اداکاروں میں سے ایک ہیں جو سوشل میڈیا پر بہت زیادہ متحرک نظر آتے ہیں لیکن اب ان کا ٹویٹر اکاونٹ ہیک ہو گیا ہے، امیتابھ بچن کے اکاونٹ کی پروفائل پکچر پر وزیراعظم پاکستان کی تصویر لگائی گئی ہے جس میں پاکستان سے محبت کا پیغام دیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ ترکی اور پاکستانی پرچموں کے ساتھ ایک پیغام درج کیا گیا ہے جس میں بھارتی حکومت کے ماہ رمضان میں روزہ دار مسلمانوں پر مظالم کو مسلم امہ پر حملہ آور قرار دیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق ان پیغامات کے جاری ہونے کے کچھ دیر بعد ہی ہیکرز کے ٹویٹ ڈیلیٹ کر دیئے گئے جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ان کا اکاونٹ ریکور کر لیا گیا، بھارتی ذرائع ابلاغ نے دعوی کیا کہ امیتابھ بچن کے اکاونٹ کو ترکی کے ہیکرز نے نشانہ بنایا۔

ایک اور پوسٹ میں دنیا کے نام پیغام میں کہا گیا ہے کہ آئس لینڈ میں ترکی کے فٹبالرز کے ساتھ ناروا سلوک کی مذمت کرتے ہیں۔ یہ اکاونٹ ترکی کے ہیکرز نے ہیک کیا یا ترک فٹبالرز کے حق میں پوسٹ لگا کر ترکی پر الزام دھرنے کی کوشش کی گئی، یہ تاحال واضح نہیں ہو سکا۔ یاد رہے کہ امیتابھ بچن کے اس اکاونٹ کے 3 کروڑ 73 لاکھ سے زائد فالوورز ہیں۔