کترینہ کیف نے ملالہ یوسفزئی کو متاثرکن شخصیت قرار دیدیا

Last Updated On 14 January,2019 01:08 pm

ممبئی: (روزنامہ دنیا) نامور بالی وڈ اداکارہ کترینہ کیف پاکستانی نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی کی مداح نکلیں اور انہیں متاثر کن شخصیت قرار دے دیا۔

ملالہ یوسفزئی دنیا بھر کی خواتین اور لڑکیوں کیلئے رول ماڈل ہیں، اداکارہ کترینہ کیف بھی ملالہ سے متاثرہیں۔ ان دنوں وہ ملالہ یوسفزئی کی کتاب ’’وی آر ڈسپلیسڈ‘‘ کا مطالعہ کر رہی ہیں، یہ کتاب ملالہ یوسفزئی کی زندگی سے متعلق ہے جسے خود ملالہ نے تحریر کیا ہے۔

کترینہ کیف نے ملالہ یوسفزئی کی کتاب کا سرورق اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’’اس کتاب میں ملالہ اور دوسری غیر معمولی لڑکیوں کی کہانیاں یکساں طور پر متاثر کن ہیں، یہ کہانیاں ان تمام لڑکیوں کے خواب پورے کرنے میں مدد کریں گی اور ان کی حوصلہ افزائی کریں گی جنہیں خود پر یقین ہے۔ ملالہ! میری دعا ہے ایک دن تم اپنی طاقت سے دنیا کو تبدیل کر دو گی، دنیا کو تمہاری اور تمہاری جیسی لڑکیوں کی ضرورت ہے‘‘۔