مصطفیٰ قتل کیس میں گرفتار ملزم ارمغان کا کرمنل ریکارڈ سامنے آگیا

Published On 19 February,2025 04:52 pm

کراچی: (دنیا نیوز) مصطفیٰ قتل کیس میں گرفتار ملزم ارمغان کا کرمنل ریکارڈ سامنے آگیا۔

تفتیشی حکام کے مطابق ملزم ارمغان عادی جرائم پیشہ ہے، ماضی میں بھی پولیس اور اے این ایف کے ہاتھوں گرفتار ہوچکا ہے، گرفتار ملزم ارمغان کیخلاف پہلے بھی انسداد دہشت گردی، اقدام قتل، منشیات فروشی، ڈرانے دھمکانے اور دیگر دفعات کے مقدمات درج ہیں۔

2019 سے 2024 کے دوران ارمغان کیخلاف درخشاں، ساحل، گذری، بوٹ بیسن اور اے این ایف تھانے میں 6 مقدمات درج ہوئے، ملزم ارمغان گذری میں واقع اپنی رہائش گاہ پر غیر قانونی سافٹ وئیر ہاؤس اور کال سینٹر چلاتا رہا تھا۔

تفتیشی حکام کے مطابق سافٹ ویئر ہاؤس اور کال سینٹر کے ذریعے ملزم ارمغان نے گزشتہ چند سال کے دوران غیر ملکی کلائنٹس سے کروڑوں ڈالر کا فراڈ کیا، ملزم ارمغان نے ڈیجیٹل کرنسی کی ہیر پھیر کیلئے درجنوں ڈیجیٹل کرنسی اکاؤنٹس بنا رکھے تھے۔

ملزم ارمغان نے گرفتاری سے قبل گھر میں موجود تمام لیپ ٹاپس کا ڈیٹا ڈیلیٹ کرکے خالی کیا تھا، لیپ ٹاپس کو خالی کرنے کی غرض سے ملزم ارمغان نے پولیس سے 4 گھنٹے تک مقابلہ کیا تھا۔