ضلع کچہری میں منشیات فروخت کرنے والا بڑا نیٹ ورک پکڑا گیا

Published On 15 February,2025 07:55 pm

قصور: (دنیا نیوز) ضلع کچہری میں منشیات فروخت کرنیوالا بڑا نیٹ ورک پکڑ لیا گیا۔

ڈی پی او محمد عیسیٰ خاں کی ہدایت پر تھانہ بی ڈویژن کے ایس ایچ او محمد اسلم بھٹی نے ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ضلع کچہری میں منشیات کا بڑا ڈیلر گرفتار کر لیا۔

ملزم علی احمد عرف ہمایوں سکنہ حاجی گگا کے قبضہ سے 10 کلوگرام چرس اور رقم وٹک 18 لاکھ 27 ہزار روپے برآمد ہوئی، ملزم ہمایوں کوٹ غلام محمد کے رہائشی عمران عرف کالی سے منشیات خریدتا تھا۔

ملزم ضلع کچہری میں ٹھیکہ پر کینٹین کے نام پر عرصہ دراز سے منشیات کا مکروہ دھندہ کر رہا تھا، سیشن کورٹس میں پیشی کے سلسلہ میں آنیوالے جیل کے قیدیوں کو بھی منشیات سپلائی کرواتا تھا۔

بتایا گیا ہے کہ گرفتار ملزم ہمایوں کو ضلع کچہری کے معزز پیشہ سے وابستہ کچھ افراد سپورٹ کرتے ہیں، معزز پیشے کا روپ دھار کر منشیات فروشوں کی پشت پناہی کرنیوالوں کو بھی جلد بے نقاب کیا جائے گا۔

ملزم علی احمد عرف ہمایوں کا 3 روزہ ریمانڈ حاصل کر لیا گیا جس کی تفتیش ڈی پی او محمد عیسیٰ خاں کی نگرانی میں کی جا رہی ہے۔