فورٹ عباس: بیوی نے بیٹوں سے ملکر شوہر قتل کردیا، ڈیڑھ ماہ بعد گھر کے صحن سے لاش برآمد

Published On 21 December,2024 02:46 am

فورٹ عباس: (ویب ڈیسک) بیوی نے بیٹوں کے ساتھ مل کر شوہر کو قتل کر دیا۔

مقتول محمد اقبال کی والدہ نے پولیس میں رپورٹ درج کروائی تھی کہ اس کا اپنے بیٹے سے ڈیڑھ ماہ سے کوئی رابطہ نہیں ہے اور اس کی بہو اور پوتے بھی اقبال کے بارے میں استفسار کرنے پر مختلف باتیں کررہے ہیں۔

پولیس نے بوڑھی عورت کی درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے لاپتہ اقبال کی بیوی اور بیٹوں سے تفتیش کی تو انہوں نے محمد اقبال کو قتل کرنے کا اقرار کرلیا۔

ملزمہ خاتون اور اس کے بیٹوں نے بتایا کہ ان تینوں نے مل کر منصوبہ بندی کے ساتھ یہ جرم کیا تھا اوربیٹوں نے اپنے باپ کو قتل کرنے کے بعد اس کی لاش گھر کے صحن میں دفنادی تھی، جسے پولیس نے برآمد کرلیا۔

پولیس نے شوہر کے قتل کے جرم میں بیوی اور دونوں بیٹوں کو گرفتار کرکے مقتول کی ماں کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا ہے اور مزید تفتیش کی جارہی ہے۔