گھریلو ملازمہ قتل کا معاملہ ، مرکزی ملزم میاں بیوی کا اعتراف جرم

Published On 05 March,2024 10:13 am

سرگودھا (دنیانیوز) 12 سالہ گھریلو ملازمہ عائشہ کے قتل میں گرفتار مرکزی ملزموں سے آلہ قتل برآمد، ملزم میاں بیوی نے جرم کا اعتراف کر لیا۔

ڈی پی او سرگودھا فیصل کامران نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ تھانہ لکسیاں پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ملزمان کو حافظ آباد اور لاہور سے گرفتار کرکے واردات میں استعمال ہونے والاآلہ قتل بھی برآمد کرلیا ہے۔

ڈی پی او کا کہنا تھا کہ ملزمان نے اعتراف جرم کرلیا ہے، میڈیکل رپورٹ کے مطابق 12 سالہ گھریلو ملازمہ کے جسم پر 19 سے زائد زخم پائے گئے  جو بری طرح خراب ہوچکے تھے۔

فیصل کامران کا کہنا تھا کہ گھریلو ملازمہ پر 2 ماہ تک بہیمانہ تشدد کیا گیا جس سے اس کے گردے فیل ہوگئے اور وہ انتقال کر گئی ، گھریلو ملازمہ سے اگر کام کے دوران کوئی غلطی ہوجاتی تھی تو میاں بیوی اس پر بہیمانہ تشدد کرتے تھے۔

دریں اثنا مرکزی ملزم جواد بھٹی اور اس کی اہلیہ کی گرفتار اور آلہ قتل برآمد کرنے پر عائشہ کے لواحقین پھول لیکر ڈی پی او آفس پہنچ گئے۔