قصور: (دنیا نیوز) تھانہ گنڈا سنگھ کے علاقہ میں پولیس مقابلے کے دوران انتہائی خطرناک دو اشتہاری ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لئے گئے۔
پکڑے گئے ڈاکوؤں کی شناخت فضل عرف ڈاکٹر اور شیخ اویس کے ناموں سے ہوئی ہے، دونوں ڈاکو رابری کے دو مقدمات میں اشتہاری اور گزشتہ ڈیڑھ سال سے گنڈا سنگھ کے علاقوں میں وارداتیں کر رہے تھے۔
پولیس کے مطابق صہیب نامی شہری نے 15 پر پولیس کو اطلاع دی کہ 10 ڈاکو برج روڈ پر ناکہ بندی کر کے راہ گیروں سے لوٹ مار کر رہے ہیں، پولیس فوری موقع پر پہنچی تو ڈاکوؤں نے پولیس گاڑیوں کو دیکھ کر مختلف اطراف سے فائرنگ شروع کردی۔
پولیس نے مزید بتایا کہ ڈاکوؤں کی اپنی فائرنگ سے دو ملزم زخمی ہو گئے جن سے چھینی گئی موٹرسائیکل، نقدی رقم 70 ہزار، موبائل فون اور اسلحہ برآمد کرلیا گیا، ملزموں کے ساتھی ڈاکوؤں کو شناخت کرلیا گیا جن کی گرفتاری کیلئے سپیشل ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔