پنجاب پولیس کو مطلوب 4 خطرناک اشتہاری سعودی عرب ، یواے ای سے انٹرپول کے ذریعےگرفتار

Published On 05 October,2023 11:27 am

لاہور : (دنیانیوز) پنجاب پولیس کو مطلوب 4 خطرناک اشتہاریوں کوسعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے انٹرپول کے ذریعے گرفتار کرلیا گیا۔

ترجمان کے مطابق پنجاب پولیس کا خطرناک اشتہاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے ، اس سلسلے میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے مزید 4 اشتہاری گرفتار کرلیے گئے ہیں، جس کے بعد رواں برس بیرون ملک سے گرفتار ہونے والے اشتہاری مجرمان کی مجموعی تعداد 122 ہو گئی ہے۔

ترجمان کے مطابق حالیہ کارروائی میں قتل کے مقدمے میں مطلوب اشتہاریوں میں امانت علی کو سعودی عرب،مسعود حسین کو متحدہ عرب امارات سے گرفتار کیا جبکہ ڈکیتی کے کیس میں مطلوب اشتہاری محمد سلیم، محمد عمر شہزاد بھی متحدہ عرب امارات سے گرفتار کیے گئے ہیں۔

ترجمان کاکہنا تھا کہ چاروں ملزمان وارداتوں کے ارتکاب کے بعد بیرون ملک فرار ہو گئے تھے۔

پنجاب پولیس نے انٹرپول کی مدد سے ملزمان کے ریڈ نوٹسز جاری کروائے ، گرفتاریوں کیلئے مسلسل فالو اپ جاری رکھا اور چاروں اشتہاری بالاخر گرفتار ہوکر پاکستان پہنچا دیئے گئے ہیں ۔

ترجمان کے مطابق مزید ملزمان کو کارروائی کیلئے متعلقہ اضلاع کی پولیس کے حوالےکردیا گیا ہے ۔

آئی جی پنجاب نے اے کیٹیگری خطرناک اشتہاریوں کو بیرون ملک سے گرفتار کرنے پر پولیس ٹیموں کو شاباش دی ہے ، ان کاکہنا ہے کہ قانونی مراحل جلد از جلد مکمل کرکے مجرمان کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے، قتل، ڈکیتی اور اغواء میں ملوث خطرناک اشتہاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن کو مزید تیز کیا جائے۔

آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ آر پی اوز، ڈی پی اوز خطرناک اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے کریک ڈاؤن کی خود نگرانی کریں، ایف آئی اے، انٹرپول اور دیگر اداروں کے ساتھ باقاعدگی سے انفارمیشن شئیر کی جائے۔