اسلام آباد: (دنیا نیوز) اینٹی نارکوٹکس فورس نے 7 مختلف کارروائیوں کے دوران 89 کلو گرام سے زائد منشیات برآمد کر لی جبکہ 3 خواتین سمیت 10 ملزمان گرفتار کر لئے گئے۔
ترجمان کے مطابق سپر ہائی پر جامشورو کے قریب کار سے 54 کلو گرام چرس برآمد ہوئی، دورانِ کارروائی شکارپور کے رہائشی ملزم کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔
دوسری جانب وندر کے قریب کارروائی کے دوران 2 خواتین سمیت کراچی کے رہائشی 5 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، ملزمان کے سفری بیگز اور سامان سے 18 کلو گرام چرس برآمد ہوئی، گرفتار ملزمان منشیات پشین سے کراچی سمگل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق آر سی ڈی ہائی وے پر وندر کے قریب مسافر بس میں سوار خاتون کو گرفتار کیا گیا، ملزمہ کے قبضے سے 5 کلو گرام آئس اور 2 کلو 500 گرام ہیروئن برآمد ہوئی، ملزمہ منشیات واٹر کولر میں چھپا کر قلات سے کراچی سمگل کر رہی تھی۔
اے این ایف ترجمان کا کہنا ہے کہ الفتح مال فیصل آباد کے قریب موٹر سائیکل سوار سے 4 کلو 800 گرام ہیروئن جبکہ پشاور میں واقع کوریئر آفس میں پارسل سے آئس برآمد ہوئی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق 1 کلو گرام آئس کپڑوں کے ڈبوں میں چھپا کر بحرین سمگل کی جا رہی تھی، ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔