کراچی: (دنیانیوز) کراچی کے علاقے ناظم آباد میں افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں گھر کے ملازم نے ماں اور بیٹے کو قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق ناظم آباد مجاہد کالونی میں اطلاع ملنے پر گھر کے اندر کنویں سے ماں بیٹے کی لاشیں ملیں جنہیں گلا دبا کر قتل کیا گیا ، لاشیں پہلے سے گرفتار ملزم فیصل کی نشاندہی پر نکالی گئیں ۔
پولیس کاکہنا ہے کہ امدادی ٹیم کی مدد سے کنویں میں پھینکی گئی لاشوں کو باہر نکالا گیا ، لاشوں کی شناخت مبینہ طورپر عبدالہادی اورشائستہ بی بی کے نام سے ہوئی ہیں ، ماں،بیٹا گزشتہ ایک ہفتے سے لاپتہ تھے ۔
پولیس کاکہنا ہے کہ ملزم فیصل نے دونوں افراد کو مبینہ طور پر قتل کرکے لاشوں کو گھر کے اندر بنے کنویں میں پھینک دیا تھا۔
پولیس کا بتانا ہے کہ مقتول عبدالہادی گھر کے اندر ہی کیٹرنگ کا کام کرتا تھا ، گھر کے اندر ملازمین کا آنا جانا تھا۔
پولیس کی جانب سے لاشوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیاہے جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں ۔