کراچی: (دنیانیوز)ایف آئی اے نے یونان کے ساحل پر کشتی ڈوبنے کے حادثے میں پاکستانیوں کو اٹلی بھجوانے والے مرکزی ایجنٹ کو کراچی ائیرپورٹ سےگرفتارکرلیا ۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے ) حکام کے مطابق مرکزی ملزم ساجد محمود پاکستان سے آذربائیجان فرارہونےکی کوشش کررہاتھا۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم نے متعدد افراد کو لیبیا بھیجا،جس پرتفتیش جاری ہے ،گرفتار ملزم سسٹم میں ہٹ ہواجس کےباعث ایف آئی اے نے آف لوڈ کیا، گرفتار ملزم کانام سٹاپ لسٹ میں موجود ہے۔
حکام کے مطابق گرفتار ملزم کو ایف آئی اے گجرات کےحوالےکیاجائےگا، ملزم کےخلاف ایف آئی اے گجرات میں مقدمہ درج ہے۔
یہ بھی پڑھیں :یونان میں کشتی ڈوبنے کا معاملہ : 298 پاکستانیوں کی ہلاکت کا خدشہ،12 کوبچالیاگیا
واضح رہے کہ یونان کے سمندر میں کشتی ڈوبنے کے حادثے میں لاپتہ افراد کی تلاش کیلئے چوتھے روز بھی سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے ، اب تک 78 افراد کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں جبکہ 104 افراد کو بچالیا گیا۔
کشتی ڈوبنے کے حادثے میں 298 پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کا بھی خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے جبکہ 12 افراد کو زندہ بچا لیا گیاہے۔