ممبئی : (ویب ڈیسک ) بھارت کے معروف پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل میں ملوث دو ملزمان جیل میں ہلاک ہوگئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سدھو موسے والا قتل کیس میں گرفتار دو ملزمان پنجاب کی گونڈیوال سینٹرل جیل میں قید تھے جہاں قیدیوں کے درمیان جھگڑے میں ہاتھا پائی اس قدر بڑھی کہ اس میں دو قیدی مارے گئے ، واقعے میں تین افراد شدید زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں سے ایک کی حالت اب تک تشویش ناک ہے۔
ایس ایس پی گرمیت سنگھ چوہان کے مطابق لڑائی میں دو افراد مارے گئے ہیں جن میں سے ایک مندیپ طوفان بھی ہے ، دونوں ہلاک ملزمان سدھو موسے والا کے قتل میں ملوث ہونے کے علاوہ متعدد جرائم میں ملوث تھے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جھگڑے میں تیز دھار آلوں کا استعمال کیا گیا جنہیں جیل کے اندر ہی بنایا گیا تھا۔
بھارتی پنجاب کے لارنس بشنوئی گینگ سے تعلق رکھنے والے گولڈی برار نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں جیل کے اندر ہونیوالی گینگ وار کی ذمہ داری قبول کرلی ہے ۔
واضح رہے کہ 29 مئی 2022 کو معروف بھارتی گلوکار سدھو موسے والا کو ضلع مانسا کے گاؤں جواہر میں نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کرکے قتل کر دیا تھا۔