مینار پاکستان میں خاتون سے دست درازی کا واقعہ، 92 افراد گرفتار

Published On 22 August,2021 05:12 pm

لاہور: (دنیا نیوز) یوم آزادی کے موقع پر مینار پاکستان میں خاتون سے دست درازی کے معاملے پر پولیس نے 407 مشتبہ افراد کو شامل تفتیش کرتے ہوئے 92 افراد کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ راوی روڈ واقعہ میں 3افراد زیر حراست ہیں۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزموں میں سے 40 کو شناخت پریڈ پر بھیجا جا چکا ہے، مزید 30 کی جلد شناخت پریڈ مکمل کرائی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق راوی روڈ پر خاتون سے دست درازی کرنے پر پولیس نے تین افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

بتایا جا رہا ہے کہ ان میں سے ایک ملزم کا تعلق لاہور جبکہ دیگر دو کا دوسرے اضلاع سے ہے۔ ویڈیو میں دست درازی کرنے والوں کے چہرے واضح نہ ہونے پر فرانزک اور سائنسی بنیاد پر تصدیق کی جائے گی۔

ترجمان پنجاب حکومت فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ فیصل آباد، قصور اور شیخوپورہ میں پولیس ٹیموں نے چھاپے مار کر مزید 26 ملزموں کو گرفتار کر لیا ہے۔ چنگ چی رکشہ میں خاتون کے ساتھ بدتمیزی کیس میں پیشرفت سے آگاہ کرتے رہیں گے۔