کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں کالعدم دہشتگرد تنظیم کا سہولیات کاری پر مبنی نیٹ ورک بے نقاب ہوگیا۔ کیماڑی پولیس نے اتحاد ٹاؤن سے ٹی ٹی پی کے کارندے کو گرفتار کرلیا۔
ایس ایس پی کیماڑی فدا حسین کے مطابق ملزم حمیداللہ کی 2007 میں خالد اور عثمان نامی دہشتگردوں نے ٹی ٹی پی میں شمولیت کروائی، کالعدم تنظیم میں شامل ہونے کے بعد ملزم نے کے پی کے میں کارروائیاں کیں، ملزم قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سوات میں مٹہ پولیس سٹیشن پر ہونے والے حملے میں بھی ملوث رہا۔
ایس ایس پی کیماڑی نے بتایا کہ ملزم نے سوات میں حساس ادارے کے اہلکار اور انکے والد کو قتل کرنے کا اعتراف بھی کیا، ملزم 2009 میں کراچی آیا اور سلیپر سیل کا حصہ بنا، 2014 میں افغانستان چلا گیا، ملزم اپنے دو ساتھیوں کے ہمراہ کراچی میں دہشتگرد حملے کے لئے اعلی کمانڈ کے حکم کا انتظار کر رہا تھا۔ ملزم حمیداللہ سے بارودی پاؤڈر اور ہینڈ گرنیڈ برآمد کر کے مقدمات درج کرلئے گئے ہیں۔