کراچی: سی ٹی ڈی کی کارروائی، کالعدم تنظیم کا دہشت گرد گرفتار، اسلحہ برآمد

Published On 19 January,2021 10:29 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پولیس نے رینجرز کی موبائلوں پر حملے میں ملوث کالعدم تنظیم کے ایک دہشت گرد کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔

سی ٹی ڈی اعلامیہ کے مطابق اطلاع ملی تھی کراچی کے علاقے سچل کی حدود صفورا گوٹھ کے قریب کالعدم تنظیم کا دہشت گرد موجود ہے۔ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے چھاپہ مارکر ملزم سرکش علی عرف سنی بھٹی کو گرفتار کرکے غیر قانونی ہتھیار اور گولیاں برآمد کرلیں۔

سی ٹی ڈی کے مطابق ملزم نے دوران تفتیش اعتراف کیا ہے اس نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ کراچی کے مختلف مقامات پر رینجرز موبائلوں پر دستی بم پھینکے تھے جس سے رینجرز اہلکار زخمی بھی ہوئے واقعے کے بعد ملیر کے علاقے میں روپوشی کی زندگی گزارتے تھے۔