وزیر اعظم کے ہمسائے کے گھر 1کروڑ30لاکھ کی چوری

Published On 17 August,2020 04:00 pm

لاہور (روزنامہ دنیا) وزیر اعظم عمران خان کی رہائشگاہ زمان پارک کے ہمسائیوں کے گھر ڈیڑھ کروڑ کے قریب مالیت کی چوری کی واردات ہوگئی۔ پولیس کے مطابق نامعلوم چور اویس مجید نامی شہری کے گھر سے 1 کروڑ 30 لاکھ روپے مالیت کی چیزیں لے اڑے، جن میں طلائی زیورات، لیپ ٹاپ اور قیمتی گھڑیوں سمیت دیگر سامان شامل ہے۔

متاثرہ شہری کے مطابق ہمارا خاندان سیر کیلئے ایبٹ آباد گیا ہوا تھا، نامعلوم چور واش روم کی کھڑکی سے گھر میں داخل ہوئے ۔پولیس اور دیگر تحقیقاتی ٹیموں نے جائے وقوعہ سے شواہد جمع کرلئے۔ صوبائی دارالحکومت میں مختلف مقامات پر ڈکیتی، چوری اور راہزنی کی وارداتوں میں شہری لاکھوں روپے کی نقدی،زیورات اور قیمتی اشیا سے محروم کر دیئے گئے۔

ساندہ میں مسلح ڈاکو امجد کے گھر سے اہلخانہ کو یرغمال بنا کر 25تولے سونا اور 3لاکھ کی نقدی ، جوہر ٹائون میں فارمیسی میں گھس کر اسلحہ کے زور پر 4لاکھ روپے کی نقدی اور ہزاروں روپے مالیت کے موبائل ،غازی آباد میں اعجاز کے گھر گھس کر اسلحہ کے زور پر اہلخانہ کو یرغمال بنا کر 5لاکھ45کی نقدی،زیورات و دیگر اشیا، قلعہ گجر سنگھ میں شرافت کے گھر میں گھس کر اسلحہ کے زور پر 2لاکھ50 ہزار روپے کی نقدی،پرائز بانڈ اور طلائی زیورات ، ڈیفنس بی میں نواز اور فیملی سے 1لاکھ 25ہزار کی نقدی و زیورات، راوی روڈ کے علاقے سے افتحار اور فیملی سے 1لاکھ 67ہزار کی نقدی و زیورات، مسلم ٹائون میں نصیر سے گن پوائنٹ پر 75ہزارروپے، اسلام پورہ میں ثاقب سے گن پوائنٹ پر32ہزار ، موبائل فون اور فیکٹری ایریا سے گن پوائنٹ پر قادر سے 14ہزارروپے اور موبائل فون لوٹ کر فرار ہوگئے جبکہ نامعلوم چور سبزہ زار اور مغلپورہ سے گاڑیاں جبکہ لاری اڈا ،اقبال ٹائون اور کاہنہ سے موٹر سائیکلیں چوری کر کے فرار ہوگئے ۔