گجرات: ٹرانسفارمر نہ دینے پر شہری کا گارڈز کیساتھ ملکر ایس ڈی او پر بدترین تشدد

Last Updated On 08 May,2020 04:35 pm

گجرات: (دنیا نیوز) گجرات میں ٹرانسفارمر نہ دینے پر شہری نے گارڈز کے ساتھ مل کر گیپکو آفس ڈنگہ پر دھاوا بول دیا،ایس ڈی او کو تشدد کا نشانہ بنایا، دفتر سے باہر بھی مبینہ طور پر ڈنڈوں،گھونسوں کی بارش کر دی، اغوا کی کوشش بھی کی۔

تفصیلات کے مطابق واپڈا دفتر پر حملے کے دوران ایس ڈی او پر کمرے میں گھس کر تشدد کیا اور سرکاری موبائل بھی چھین لیا جبکہ آفس سے گھر جاتے ہوئے راستے میں اغواء کی کوشش کی گئی، اسلحہ کے زور پر ایس ڈی او کو سرعام پیٹ ڈنڈوں، ڈھڈوں، گھونسوں سے زدو کوب کر ڈالا قتل کرنیکی دھمکیاں بھی دیں، دو الگ الگ مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔

ڈنگہ پولیس کے مطابق گیپکو سب ڈویژن ڈنگہ کے ایس ڈی او محمد رفیق اپنے دفتر میں موجود تھے کہ نئے ٹرانسفر کی رپورٹ کینسل کرنے پر میاں زاہد محمود نے گارڈزکے ہمراہ دفتر میں گھس کر کمرے بند کر کے زدو کوب کرنا شروع کر دیا اورسرکاری موبائل چھین کر گاڑی میں ڈال کر اغواء کرنے کی کوشش کی تو واپڈا عملہ کے جمع ہونے اور مداخلت پر ملزم دھمکیاں دیتے ہوئے فرارہو گئے۔

واقعہ کے بعد ایس ڈاو چھٹی کے بعد اپنی گاڑی پر گھر جا رہے تھے کہ راستے میں موٹر سائیکل اور گاڑی میں سوار ملزموں نے چک لشکری کے قریب گاڑی سے نکال کر آہنی راڈوں، گھونسوں، لاتوں، پائپ سے وحشیانہ تشدد کرنا شروع کر دیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ رپورٹ کینسل کرنے پر قتل کی دھمکیاں دیتے ہوئے فرار ہو گئے، تھانہ ڈنگہ نے ایس ڈی او محمد رفیق کی رپورٹ پر دو الگ الگ مقدمات درج کر کے تشدد کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی تاہم ملزمان گرفتار نہ ہو سکے۔