نئے جرمانوں کا اطلاق یکم جنوری سے ہو گا: ترجمان موٹروے پولیس

Last Updated On 18 December,2019 08:11 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ترجمان موٹروے پولیس سید عمران احمد کا کہنا ہے کہ قومی شاہرات پر یکم جنوری سے نئے جرمانوں کا اطلاق ہو گا۔ موٹروے پولیس نے روڈ یوزرز میں جرمانوں کی شرح کے بارے میں آگاہی مہم جاری ہے۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق حفاظتی قوانین روڈ صارفین کی جان ومال کے محافظ ہوتے ہیں، مسافر محفوظ سفر کو قوانین پر عمل کر کے یقینی بنا سکتے ہیں، تیز رفتاری پر بسوں کو 10 ہزار جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

سید عمران احمد کا کہنا تھا کہ تیز رفتاری پر کار کو 2500 روپے جرمانہ ہو گا، پبلک سروس میں مسافروں کی اوور لوڈنگ پر 5 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا، بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے پر ایک ہزار جرمانہ ہو گا، بغیر لائسنس ڈرائیونگ کرنے پر کار، موٹرسائیکل اور ایل ٹی وی کو 5 ہزار جرمانہ ہو گا۔

موٹروے پولیس کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پی ایس وی گاڑیوں کو بغیر لائسنس گاڑی چلانے پر 10 ہزار جرمانہ عائد ہو گا۔ دوران ڈرائیونگ موبائل فون استعمال پر موٹرسائیکل سوار کو 500 روپے جرمانہ عائد ہو گا۔ فون استعمال پر کار کو 2 ہزار جرمانہ ہو گا۔

ترجمان کے مطابق سیفٹی بیلٹ نہ استعمال کرنے پرکار، ایل ٹی وی پر 1500 جبکہ بڑی گاڑیوں پر 3 ہزار جرمانہ ہو گا، لائن کی خلاف ورزی پر کار اور ہلکی گاڑیوں کو 1 ہزار روپے جرمانہ عائد ہو گا، ٹریفک قوانین مسافروں کی حفاظت کے لیے ہوتے ہیں، مسافر قوانین پر عمل کر کے جرمانوں سے بچ سکتے ہیں۔