کراچی: لوٹ مار کرنیوالے 2 موٹرسائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ، 2 پولیس اہلکار زخمی

Last Updated On 06 December,2019 09:57 am

کراچی: (دنیا نیوز) رات گئے کراچی میں لوٹ مار کرنے والے موٹرسائیکل سوار 2 ملزمان کی فائرنگ سے گشت پر مامور دو پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ پولیس حکام کے مطابق دونوں پولیس اہلکاروں کی حالت خطرے سے باہر ہے جبکہ فائرنگ کرنے والے ملزمان کی گرفتاری کے لئے تلاش شروع کردی گئی ہے۔

کراچی کے علاقے عزیز بھٹی تھانے کی حدود میں یونیورسٹی روڈ پر 2 موٹر سائیکل ملزمان کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ زخمی ارسلان اور فیصل کو فوری علاج کے لئے نجی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ڈی آئی جی ایسٹ کے مطابق فائرنگ کرنے والے ملزمان جیل چورنگی کے اطراف لوٹ مار کر کے فرار ہوئے تھے۔ پولیس کے پیچھا کرنے پر ملزمان نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں دونوں پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔

دونوں اہلکارعزیز بھٹی تھانے میں تعینات ہیں جبکہ فائرنگ کرنے والے ملزمان فرار ہو گئے۔ دونوں ملزمان کی گرفتاری کے لئے تلاش شروع کر دی گئی ہے، دوسری جانب اطراف کی سی سی ٹی وی حاصل کرکے مدد لی جائیگی۔ زخمی اہلکاروں کی حالت خطرے سے باہر ہے، ایس پی گلشن کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں 9 ایم ایم پسٹل استعمال ہوئی ہے جبکہ جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے متعدد خول بھی ملے ہیں۔