لاہور: زیر حراست ملزم کی ہلاکت، انچارج انویسٹی گیشن سمیت 6 افراد کیخلاف مقدمہ درج

Last Updated On 09 September,2019 11:37 pm

لاہور: (دنیا نیوز) تھانہ شمالی چھاؤنی میں زیر حراست ملزم کی مبینہ تشدد سے ہلاکت کا معاملہ، انچارج انویسٹی گیشن سمیت 6 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

ترجمان لاہور پولیس کے مطابق انچارج انویسٹی گیشن انسپکٹر ناصر بیگ گرفتار ہے تاہم سب انسپکٹر ذیشان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پولیس ایف آئی آر میں 4 نامعلوم کانسٹیبلز بھی نامزد ہیں۔ پولیس تفتیش میں شناخت پر انہیں بھی گرفتار کیا جائے گا۔ عامر مسیح کیس میں ایس ایچ او معطل ہے۔ ایس ایس پی ڈسپلن فیصل مختار محکمانہ انکوائری کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ عامر مسیح نامی شخص کو 28 اگست کو چوری کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا تھا جہاں پولیس نے اسے وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا جس سے وہ ہلاک ہو گیا۔

پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بھی عامر مسیح پر تشدد کی تصدیق ہوگئی ہے۔ ملزم کے جسم پر تشدد کے نشانات پائے گئے، اس کی پسلیاں بھی ٹوٹی ہوئی تھیں۔

واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آئی۔ فوٹیج کے مطابق دو پولیس اہلکار عامر کو موٹر سائیکل پر طبی امداد کے لیے ہسپتال لائے۔

عامر کو موٹر سائیکل سے اتارا گیا تو وہ نیچے گر گیا جس کے بعد بھی اسے تشدد کا نشانہ بنایا جاتا رہا اور گھسیٹا بھی گیا۔