کراچی: آئس ہیروئن کا لالچ دیکر خواتین کی عزت پامال کرنیوالے گروہ کا انکشاف

Last Updated On 29 May,2019 08:04 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں ایسٹ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروش گروہ کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزمان میں خاتون کونسلر سمیت 15 ملزمان شامل ہیں۔ ملزمان کے موبائل فون میں آئس ہیروئن کا لالچ دیکر خواتین کی عزت پامال کرنے کی وڈیوز بھی موجود ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

ایس ایس پی ایسٹ غلام اظفر مہیسر نے اپنے دفتر میں ہونے والی پریس کانفرنس میں بتایا کے بہادر آباد پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف بڑا کریک ڈاون کرتے ہوئے خاتون کونسلر سمیت 15 ملزمان کو گرفتار کیا ہے، گرفتار منشیات فروش کالج اور یونیورسٹی میں طلبا کو آئس، چرس اور ہیروئن سپلائی کرتے تھے۔

گرفتار ملزمان میں گروہ کا سرغنہ آصف عرف میمن، ہیروئن ڈیلر جاوید عرف خدا بخش، عارف بلوچ عبدالرزاق عرف پٹھان، ذیشان عرف کچھی، عثمان رزاق عرف استاد آصف اور اشرف سمیت دیگر ملزمان شامل ہیں۔

ایس ایس پی اظفر مہیسر کا کہنا تھا کہ ملزمان کا گروہ 20 افراد پر مشتمل ہے، گرفتار خاتون نارتھ ناظم آباد یوسی 21 کی کونسلر ہے، گرفتار ملزمہ خود بھی آئس کے نشے کی عادی ہے۔

گرفتار ملزم آصف کا کہنا تھا کہ میں منشیات حاجی نامی ڈیلر سے خریدتا ہوں اور بیرون ملک بھی سپلائی کرتا ہوں۔ ماما بشیر نامی شخص شہر کا سب سے بڑا آئس ڈیلر ہے، جس کی اپنی شپنگ کمپنی ہے اور وہ سمندر کے راستے سے منشیات سمگل کرتا ہے۔

ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان کے موبائل فون سے آئس کا لالچ دیکر خواتین کی عزت کو پامال کرنے کی وڈیو بھی موجود ہیں، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، چرس، ہیروئن، آئس اور گاڑیاں برآمد ہوئی ہیں، ملزمان سے ملنے والی معلومات پر مزید ملزمان کی گرفتاری بھی متوقع ہے۔