پشاور: طلباء کو منشیات فروخت کرنے والے 500 سے زائد ملزمان گرفتار

Last Updated On 20 November,2018 05:35 pm

پشاور: (دنیا نیوز) پشاور پولیس نے تعلیمی اداروں میں طلباء کو منشیات فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائیوں میں پانچ سوسے زائد ملزموں کو گرفتار کر لیا، ملزموں سے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات بھی پکڑی گئیں۔

پشاور پولیس نے تعلیمی اداروں اور نوجوان نسل کو منشیات فروخت کرنے والے ملزموں کے خلاف خصوصی مہم کے دوران کارروائیاں تیز کر دیں۔ حیات آباد، ٹائون اور گلبہار سمیت ضلع بھر میں کارروائیوں کے دوران پانچ سو چھیالیس ملزموں کو گرفتار گیا۔

پولیس کے مطابق مہم کے دوران گزشتہ ایک ہفتے میں پانچ کلو گرام آئس، نو کلو ہیروئن،چونتیس کلو سے زائد افیون اور چار سو اٹھاون کلو گرام چرس پکڑی گئی جس کی مالیت کروڑوں روپے ہے۔


پولیس حکام کے مطابق تعلیمی اداروں کے قریب منشیات فروخت کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔