فیصل آباد میں بے اولاد دو بہنوں کا قتل ، دونوں کے شوہر زیرحراست

Last Updated On 12 October,2018 09:50 am

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں دو بہنوں کو تیز دھار آلے سے قتل کر دیا گیا، لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے الائیڈ ہسپتال منتقل کردیا گیا، فرانزک ٹیم نے جائے وقوعہ سے فنگر پرنٹس سمیت اہم شواہد اکٹھے کر لیے، مقتولہ بہنوں کے شوہروں سے بھی تفتیش جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق، واردات فیصل آباد کے علاقے امین پارک میں ہوئی، جس میں 2 سگی بہنوں 20 سالہ صبا اور 26 سالہ ثنا کو ہاتھ پاؤں باندھ کر تیز دھار آلے سے قتل کر دیا گیا۔ مقتولین کی شادی سگے بھائیوں سے ہوئی اور ورثا کے مطابق دونوں بہنیں بے اولاد تھیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فرانزک ٹیم نے وقوعہ سے جو شواہد اکٹھے کیے ان میں جوس کے ڈبے بھی شامل ہیں، جس کے باعث پولیس نے نشہ آور چیز ملا کر قتل کرنےکا امکان ظاہر کیا ہے۔ پولیس نے مقتولین کے شوہروں کو شامل تفتیش کرتے ہوئے لاشیں پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دی ہیں۔