کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں دن دیہاڑے کار پر فائرنگ سے شہری چل بسا، گلبہار انڈر پاس کے قریب نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے دواخانے کے منیجر کو نشانہ بنایا، کار میں سوار خاتون نے پولیس کو بیان ریکارڈ کرا دیا ہے۔
کراچی میں ایک اور کھلے عام بیچ سڑک پر فائرنگ کا واقعہ، گلبہار انڈرپاس کے قریب موٹر سائیکل پر سوار نہ نامعلوم ملزمان کی کار پر فائرنگ سے دواخانے کا منیجر اصغر علی موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کا کہنا ہے فائرنگ کا واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے، ابتدائی تفتیش میں ٹارگٹ کلنگ اور لوٹ مار کی واردات کے شواہد نہیں ملے۔
مقتول اصغر کے بھائی کا کہنا ہے کہ میرے بھائی کی کسی کے ساتھ دشمنی نہیں تھی۔ واقعہ میں ملوث افراد کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔ دوسری طرف مقتول اصغر علی کے ساتھ کار میں سوار خاتون فرحت سلطانہ نے بھی پولیس کو اپنا بیان ریکارڈ کرادیا ہے، خاتون نے پولیس کو بتایا کہ فائرنگ کے بعد خوفزدہ ہو کر اپنے گھر روانہ ہوگئی تھی۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس سے تعاون کے لیے تیار ہوں۔