ملتان: (دنیا نیوز) ملتان ٹیسٹ میں پاکستانی سپنرز کا جادو چل گیا، ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 137 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
دوٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے پہلی اننگز میں 230 رنز بنائے، مہمان ٹیم کی بیٹنگ لائن پاکستانی سپنرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔
ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگز
ملتان ٹیسٹ کے دوسرے روز پہلے سیشن میں پاکستان کے آؤٹ ہونے کے بعد ویسٹ انڈیز نے بیٹنگ شروع کی تو اس کا آغاز کچھ اچھا نہ تھا۔
ابتدا میں ساجد خان بیٹرز کے لیے ڈراؤنا خواب ثابت ہوئے جنہوں نے ابتدائی چاروں وکٹیں حاصل کیں۔
ساجد خان نے میکائیل لوئس کو ایک، کیاسی کارٹی کو صفر،کریک براتھویٹ کو 11 اور کیون ہوج کو 4 رنز پر چلتا کردیا۔
ساجد خان کے بعد نعمان علی نے ویسٹ انڈیز بیٹرز کی درگت بنائی اور 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
ویسٹ انڈیز کی پانچویں وکٹ 34 رنز کے مجموعے پر گری اور نعمان علی نے جسٹن گریویس کو 4 رنز پر چلتا کیا جس کے بعد نعمان علی نے ٹریون املیچ اور ایلک ایتھنیز کو 6،6 جب کہ کلیون سنکلر کو 11 رنز پر پویلین بھیجا۔
نعمان علی نے گداکیش موتی کو 19 رنز پر آؤٹ کرکے اپنا پانچواں شکار کیا۔
137 کے مجموعے پر آخری وکٹ ابرار احمد نے لی جنہوں نے جیڈن سیلز کو 22 رنز پر آؤٹ کیا۔
ملتان ٹیسٹ میں پاکستان نے پہلی اننگزمیں 93 رنزکی برتری حاصل کرلی، پاکستانی سپنر نعمان علی نے 5 اور ساجد خان نے 4 شکار کیے جبکہ ایک وکٹ ابرار احمد کے حصے میں آئی۔
پاکستان کی اننگز
ملتان میں کھیلے جانیوالے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز محمد رضوان اور سعود شکیل نے کھیل کا آغاز کیا تاہم سعود شکیل زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے اور 84 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔
نئے آنیوالے بلے باز سلمان آغا بھی خاطرخواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور محض 2 رنز بنا کر چلتے بنے اور نعمان علی بغیر کھاتہ کھولے ہی رن آؤٹ ہو گئے جبکہ محمد رضوان 71 رنز پر ہمت ہار گئے۔
ساجد خان 18 اور خرم شہزاد 7 رنز بنا سکے یوں پاکستان کی پوری ٹیم 230 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیڈن سیلز اور جومل ویریکن نے 3،3، کیون نے 2 اور گوداکش موتی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پہلا دن
ہوم گراؤنڈ پر قومی ٹیم میچ کا شاندار آغاز نہ کر سکی اور ابتداء ہی میں قومی ٹیم کے 4 کھلاڑی پویلین چلتے بنے۔
پاکستان کی پہلی وکٹ 16 رنز پر گری، ٹیسٹ میں ڈیبیو کرنے والے اوپنر محمد ہریرہ 11 گیندوں کے عوض 6 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے، کپتان شان مسعود بھی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 11 رنز بنا کر وکٹوں کے پیچھے کیچ دے بیٹھے۔
نئے آنیوالے بلے کامران غلام بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے اور محض 5 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے جبکہ تجربہ کار بیٹر بابر اعظم تاحال اپنی خراب فارم سے چھٹکارہ نہ پا سکے اور 20 گیندوں پر صرف 8 رنز بنا کر چلتے بنے۔
قومی ٹیم
دوسری جانب قومی ٹیم کی قیادت شان مسعود کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں بابر اعظم، کامران غلام، سعود شکیل، محمد رضوان ، سلمان علی آغا، ساجد خان، نعمان علی، خرم شہزاد اور ابرار احمد اور محمد ہریرہ شامل ہیں۔
نوجوان کرکٹر محمد ہریرہ کا ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر ڈیبیو ہوا ہے۔