لندن: (ویب ڈیسک) انگلش کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے اپنے کھلاڑیوں پر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سمیت دیگر فرنچائز لیگز میں شرکت کرنے پر پابندی لگا دی۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے ڈومیسٹک سیزن کے باعث اپنے کھلاڑیوں پر پاکستان سپر لیگ سمیت دیگر فرنچائز لیگ میں شرکت پر پابندی عائد کی ہے تاہم انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) اس سے مستثنیٰ ہے۔
انگلش بورڈ کو پلئیرز پر پابندی لگانے کی وجہ سے ایک بحران کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے کیونکہ کچھ کھلاڑی فرنچائز لیگ کیلئے ممکنہ طور پر اپنے ریڈ بال کیریئر کو بریک لگا سکتے ہیں۔
گزشتہ دنوں ای سی بی اپنے کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک کرکٹ ونڈو کے دوران ہونیوالی فرنچائز لیگز کیلئے این او سی جاری نہ کرنے کا منصوبہ بنایا تھا، بورڈ دی ہنڈریڈ لیگ اور ٹی 20 بلاسٹ کے درمیان ہونے والی لیگز میں بھی کھلاڑیوں کو شرکت کی اجازت نہیں دے گا۔
خیال رہے کہ اگلے برس پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) چیمپئنز ٹرافی کے باعث اپریل میں ہو گی اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ انگلینڈ کے کئی سرکردہ کرکٹرز ٹی 20 لیگ کھیلنے کیلئے ڈومیسٹک کرکٹ چھوڑ سکتے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اپنی لیگ کیلئے انگلش کرکٹ بورڈ کو منانے کی تیاریاں بھی شروع کردی ہیں تاکہ انگلش پلئیرز کی لیگ میں شرکت کو ممکن بنایا جاسکے۔