لاہور: (ویب ڈیسک) ماضی میں آئی سی سی کے ایلیٹ پینل میں شامل مایہ ناز پاکستانی امپائر علیم ڈارنے رواں سال کے بعد پروفیشنل امپائرنگ کو مکمل طور پر خیر باد کہنے کا عندیہ دے دیا۔
علیم ڈار نے مارچ 2023 میں انٹرنیشنل امپائرنگ سے باضابطہ طور پر ریٹائرمنٹ لے لی تھی تاہم وہ ڈومیسٹک اور بین الاقوامی لیگز کے میچز میں امپائرنگ کے فرائض سرانجام دیتے رہے۔
فیصل آباد کے اقبال سٹیڈیم میں جاری چیمپئنز ون ڈے کپ میں بھی وہ امپائرنگ کی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں، اب علیم ڈار نے اشارہ دیا ہے کہ وہ رواں سال کے بعد امپائرنگ سے مکمل طور پر کنارہ کشی اختیار کر کے اپنی تمام تر توجہ تھیلیسیمیا ہسپتال کی طرف مرکوز کریں گے۔
علیم ڈار کو 2004 میں آئی سی سی ایلیٹ پینل آف امپائرز میں شامل کیا گیا، وہ 145 ٹیسٹ، 231 ون ڈے اور 72 ٹی 20 سمیت 448 بین الاقوامی میچز میں امپائرنگ کرنے کا منفرد عالمی ریکارڈ رکھتے ہیں۔
انہوں نے 2009 سے 2011 تک مسلسل تین بار بہترین امپائر کا ایوارڈ بھی اپنے نام کیا، علیم ڈار کو 5 آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ، 7 ٹی 20 ورلڈ کپ اور 5 آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹس کے دوران بھی امپائرنگ کرنے کا منفرد اعزاز حاصل ہے، وہ اپنی غیر جانبداری اور درست فیصلوں کی وجہ سے دنیائے کرکٹ میں اعلیٰ مقام رکھتے ہیں۔