کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان شاہینز کے کپتان صاحبزادہ فرحان نے کہا ہے کہ دورہ آسٹریلیا میں اچھا پرفارم کرنے کی کوشش کریں گے۔
کراچی میں پاکستان شاہینز کے کپتان صاحبزادہ فرحان نے آسٹریلیا روانگی سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بنگلادیش اے کے خلاف ابتدائی 2 چار روزہ میچز پر توجہ ہے، کوشش ہوگی ان میچز میں اچھا پرفارم کر کے پاکستان ٹیم میں کم بیک کروں۔
اس دوران ساتھ ہی صاحبزادہ فرحان نے شکوہ بھی کیا کہ انہیں ماضی میں پاکستان ٹیم میں ان کے نمبر پر چانس نہیں ملا، جس طرح دیگر کھلاڑیوں کو ملا ہے، وہ اوپنر ہیں اور پاکستان ٹیم میں بھی اوپنر کھیلنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ بھی پاکستانی ہیں، ڈومیسٹک کھیلتے ہیں، انہیں بھی حق ہے جب موقع ملے تو انہیں ان کے نمبر پر پورا موقع ملے۔
صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ سنا ہے کپتانی ملنے سے کارکردگی متاثر ہوتی ہے لیکن انہوں نے ڈومیسٹک میں پشاور ریجن کی کپتانی کی اور ٹیم چیمپئن بنی اور 4 ڈے کرکٹ میں بھی کپتانی کی اور ٹاپ سکورر رہے تو کپتانی کے بعد میری کارکردگی میں فرق نہیں پڑا لیکن اب پاکستان شاہینز کی کپتانی ملی ہے کوشش ہوگی تسلسل برقرار رکھوں۔
ایک سوال کے جواب میں صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ انہیں تو پاکستان ٹیم کی کپتانی کا کوئی اشارہ نہیں ملا، ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی کپتانی کی وجہ سے امیج بہتر ہوا ہے، پاکستان ٹیم کی کپتانی کا فیصلہ تو مینجمنٹ نے کرنا ہے، پی سی بی کا شکریہ کہ انہوں نے ان پر اعتماد کیا اور پاکستان شاہینز کی قیادت دی۔
صاحبزادہ فرحان کا کہنا تھا کہ پاکستان شاہینز کا کمبی نیشن بہت اچھا ہے، ایک سال بعد پاکستان شاہینز کا دورہ ہو رہا ہے، اگر اسی طرح کے طویل دورے شاہینز کے کھلاڑیوں کو ملیں تو اچھا ہوگا۔
واضح رہے کہ پاکستان شاہینز کرکٹ رات ڈارون روانہ ہو گئی ہے جہاں وہ بنگلادیش اے کے خلاف پہلے 2 چارروزہ میچ کھیلے گی پھر دو ون ڈے میچز ہوں گے اور بعد میں 9 ٹیموں کے ٹی 20 میچز کا ٹورنامنٹ کھیلیں گے۔