لندن: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہےکہ اتنا کھلا موقع کسی کو نہیں ملا جتنا کپتان بابراعظم کو ملا ہے۔
لندن میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ اتنا کھلا چانس کسی کپتان کو نہیں ملا، ورنہ جیسے ہی ورلڈکپ ختم ہوتا ہے سب سے پہلے کپتان کے اوپر چھری پھیری جاتی ہے۔
شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ہم نے بھی کپتانی کی ہے، یونس خان اور مصباح الحق بھی کپتان رہے مگر کافی عرصہ ہوگیا بابر کو کافی چانس مل گئے ہیں، لہٰذا اب ایک ہی دفعہ سرجری کریں اور جس کو بھی لے کر آرہے ہیں اسے پورا ٹائم دیں۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ بابراعظم نے تو دو تین ورلڈکپ سمیت دو تین ایشاکپ کھیلے جہاں اسے کافی زبردست موقع ملا۔
قومی ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کے رکن وہاب ریاض اور عبد الرزاق کی سبکدوشی کے حوالے سے شاہد آفریدی نے کہا کہ ایمانداری کی بات ہے یہ والی سرجری مجھے سمجھ میں نہیں آئی۔