لاہور:(دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی کی ہدایات کی روشنی میں گراس روٹ لیول پر نیا ٹیلنٹ تلاش کرنے اور کھلاڑیوں کی فٹنس پر کام کا آغاز ہو گیا۔
پاکستان میں انٹر ڈسٹرکٹ ٹورنامنٹ کے انعقاد سے قبل فٹنس ٹرائلز شروع کردیئے گئے، ٹرائلز میں کھلاڑیوں کی فٹنس جانچنے کیلئے چار ٹیسٹ کیے جائیں گے، پی سی بی چیئرمین کی ہدایت پر علاقائی سطح پر اضافی ٹیسٹ متعارف کرائے جائیں گے۔
فٹنس ٹرائلز پاس کرنے والے کھلاڑی ہی فٹنس کیمپ میں شرکت کرسکیں گے، انٹرا ڈسٹرکٹ ٹورنامنٹ کی بنیاد پر 22 کھلاڑیوں کا انتخاب لاک پرفارمنس کی بنیاد پر کیا جائے گا، ٹرائلز پاس کرنے والے کھلاڑیوں کی کیمپ میں فیلڈنگ، فٹنس اور تکنیک پر توجہ دی جائے گی۔
پی سی بی کے مطابق 45 دنوں کے دوران ملک بھر میں 101 تربیتی کیمپ لگائے جائیں گے، ملکی تاریخ میں پہلی بار ضلعی سطح پر فٹنس کیمپس کا انعقاد کیا جارہا ہے، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی ہدایت پر کرکٹ کی بہتری کے لیے گراس روٹ لیول پر کام کیا جارہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ فٹنس ٹرائلز اور کیمپس میں مکمل شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔