لاہور: (دنیا نیوز) ٹی 20 ورلڈ کپ میں قومی کرکٹ ٹیم کی شرمناک کارکردگی پر چیئرمین پی سی بی محسن رضا نقوی نے میٹنگ بلانے کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی کرکٹ ٹیم کے بابر اعظم کی وطن واپسی پر ٹیم مینجمنٹ اور کپتان کی میٹنگ بلائیں گے، میٹنگ میں قومی کرکٹ ٹیم کی ورلڈ کپ میں شرمناک کارکردگی پر مینجمنٹ سے باز پرس کی جائے گی۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے ٹیم کے کافی کھلاڑی اور مینجمنٹ سینئر منیجر اور سلیکٹر وہاب ریاض کے روئیے سے بھی خوش نہیں، وہاب ریاض سے بھی قومی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کی رپورٹ طلب کی جائے گی، ٹیم مینجمنٹ میں کچھ لوگوں کے عہدے، قومی کرکٹ ٹیم کے کئی آؤٹ آف فارم کھلاڑیوں کی جگہ بھی خطرات کا شکار ہے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کہتے ہیں قومی کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں کوالیفائی کیوں نہ کر سکی، ٹیم مینجمنٹ سے جلد ناقص کارکردگی کی وجوہات پوچھی جائیں گی اور ذمہ داران کو جلد سامنے لایا جائے گا۔
واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے کچھ کھلاڑی کل وطن واپس پہنچیں گے، کپتان بابر اعظم سمیت 6 کھلاڑی ابھی کچھ دن امریکا میں قیام کریں گے۔