ڈبلن: (ویب ڈیسک) آئرلینڈ کیخلاف دوسرے ٹی 20 میچ میں پاکستانی ٹیم کی کامیابی کے ساتھ ہی بابر اعظم ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ کے کامیاب ترین کپتان بن گئے۔
بابر اعظم بطور کپتان اب 77 میچز میں 45 فتوحات کیساتھ سرفہرست ہیں، یوگنڈا سے تعلق رکھنے والے برائن مسابا بطور کپتان 56 میچز میں 44 کامیابیاں حاصل کرکے اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں۔
اس فہرست میں افغانستان کے سابق کپتان اصغر افغان 52 میچز میں 42 جبکہ انگلینڈ کے سابق کپتان آئن مورگن 72 میچز میں 42 فتوحات کیساتھ بالترتیب تیسری اور چوتھی پوزیشن پر ہیں۔
واضح رہے کہ بابر اعظم ٹی20 انٹرنیشنلز میں سب سے زیادہ میچز میں قیادت کرنے کا کارنامہ بھی سرانجام دے چکے ہیں، جو اس سے قبل سابق آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ کے نام تھا، جنہوں نے 76 میچز میں کینگروز کی قیادت کی۔