لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے دوران ایک مرتبہ پھر ریکارڈ بک میں کئی ریکارڈ اپنے نام کر سکتے ہیں۔
دورہ آئرلینڈ سے شروع ہونے والی 3 ٹی 20 میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 10 مئی کو ڈبلن میں کھیلا جائے گا، بابراعظم اس دورے کے دوران متعدد سنگ میل عبور کرسکتے ہیں۔
ایک فتح کے ساتھ بابراعظم ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ فتوحات سمیٹنے والے کپتان بن جائیں گے، اسوقت یہ ریکارڈ یوگنڈا سے تعلق رکھنے والے برائن مسابا کے نام ہے، جنہوں نے 56 میچز میں سے 44 کامیابیاں بطور کپتان حاصل کی ہیں۔
اس فہرست میں بابراعظم کا دوسرا نمبر ہے جو بطور کپتان 76 میچز میں 44 فتوحات کیساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہیں، افغانستان کے سابق کپتان اصغر افغان 52 میچز میں 42 جبکہ انگلینڈ کے سابق کپتان آئن مورگن 72 میچز میں 42 فتوحات کیساتھ بالترتیب تیسری اور چوتھی پوزیشن پر قابض ہیں۔
دوسری جانب ماضی میں آسٹریلوی ٹیم کی قیادت کرنے والے ایرن فنچ 76 میچز کیساتھ سب سے آگے ہیں، بابراعظم آئرلینڈ کیخلاف 10 مئی کو پاکستانی ٹیم کی کپتانی کر کے انکا ریکارڈ بھی اپنے نام کرسکتے ہیں۔
اسی طرح بیٹنگ کے محاذ پر بابراعظم ٹی 20 انٹرنیشنل میں 107 اننگز میں 3 ہزار 823 رنز سکور کیے ہیں، انہیں کوہلی کا ریکارڈ توڑنے کیلئے 215 جبکہ 4 ہزار رنز مکمل کرنے کیلئے محض 177 رنز درکار ہیں۔
بھارت کے ویرات کوہلی 109 اننگز میں 4 ہزار 37 رنز بناکر سب سے آگے ہیں، انہی کے ہم وطن اور کپتان روہت شرما 143 اننگز میں 3 ہزار 974 رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔