لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی 20 کے لیے الگ الگ کوچز مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق غیرملکی کوچز کی تقرری کے حوالے سے معاملات حتمی مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں، سابق جنوبی افریقی کرکٹر گیری کرسٹن اور سابق آسٹریلوی فاسٹ باؤلر جیسن گلیسپی کے ساتھ معاملات طے ہونے کے قریب ہیں۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ گیری کرسٹن کو وائٹ بال اور جیسن گلیسپی کو ریڈ بال کرکٹ کی کوچنگ مل سکتی ہے، دونوں کوچز کے ساتھ مختلف امور پر بات چیت جاری ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گیری کرسٹن کی مصروفیات کے دوران جیسن گلیسپی ذمہ داری نبھا سکتے ہیں، گیری کرسٹن سے ان کی مستقبل کی کمٹمنٹس کے معاملے پر بات ہو رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق غیرملکی کوچز کے ساتھ دیگر سپورٹ سٹاف کے حوالے سے بھی بات چیت جاری ہے جبکہ کوچز کے ساتھ دیگر ملکی کوچز کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی ہے۔